Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

پاک چین دوستی اور خوشحال پاکستان

پاکستان کی سرزمین ہمیشہ سے تقدیر کے اس موڑ پر کھڑی رہی ہے جہاں خواب بھی بڑے دیکھے جاتے ہیں اور آزمائشیں بھی شدید آتی ہیں۔یہ وہ خطہ ہے جسے قدرت نے جغرافیائی اہمیت، تہذیبی وقار، تاریخی ورثے اور روحانی عظمت سے نوازا۔ یہی وہ سرزمین ہے جس نے تہذیبوں کی آمد و رفت دیکھی، تجارتی قافلوں کی چاپ سنی، ثقافتوں کے میل جول کو محسوس کیا اور دنیا کے بڑے سیاسی و معاشی فیصلوں کا اثر اپنے وجود میں جذب کیا مگر ساتھ ہی یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان نے طویل عرصہ عدم استحکام، توانائی بحران، معاشی کمزوری، پالیسیوں کے عدم تسلسل اور عالمی سطح پر منفی تاثر جیسے چیلنجز کا سامنا بھی کیا۔ ایسے میں جب دنیا اقتصادی مستقبل کے لئے نئی راہیں تراش رہی تھی، طاقتور معیشتیں نئے اتحاد بنا رہی تھیں، خطے اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے اقتصادی منصوبہ بندیوں کے جال بچھا رہے تھے تو پاکستان بھی اس حقیقت کو سمجھ رہا تھا کہ آنے والی دنیا صرف عسکری طاقت یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ اقتصادی بصیرت، مضبوط حکمت عملی، علاقائی تعاون اور مشترکہ ترقی کے فلسفے سے تشکیل پائے گی۔ اسی پس منظر میں پاک چین اقتصادی راہداری سامنے آئی۔ ایک ایسا منصوبہ جس نے محض سڑکوں کی تعمیر یا سرمایہ کاری نہیں بلکہ ایک جامع اقتصادی فلسفہ ترقی کی بنیاد رکھی۔ایک ایسا فلسفہ جس میں ترقی کو محض عمارتوں کے اضافے، کارخانوں کے دھوئیں یا ٹریفک کی روانی سے نہیں ماپا جاتا بلکہ اسے انسانوں کی زندگی، معاشرت کی کیفیت، ریاستی ذمہ داری، ادارہ جاتی پختگی اور قومی مزاج میں پیدا ہونے والا اعتماد بھی دیکھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سی پیک کو صرف ایک منصوبہ کہنا اس کے مقام کے ساتھ ناانصافی ہے۔یہ دراصل ایک نظریہ، ایک سوچ، ایک اجتماعی عزم اور ایک تاریخی فیصلہ ہے جس نے پاکستان کو مستقبل کی طرف دیکھنے کا حوصلہ دیا۔
چین نے اس منصوبے میں جس بصیرت، خلوص اور شراکت داری کا مظاہرہ کیا وہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔دہائیوں پر محیط دوستی نے جب عملی شکل اختیار کی، جب اعتماد اقتصادی تعاون میں ڈھلا، جب جذبہ زمینی حقائق سے ملا تو ایک ایسا سفر شروع ہوا جس نے پاکستان کی معیشت میں نئی روح پھونکی، توانائی کے شعبے کو سہارا دیا، صنعت کو متحرک کیا، ٹرانسپورٹ اور ربط سازی کے نظام کو مضبوط کیا، گوادر کو عالمی بندرگاہی منظرنامے پر نمایاں مقام دیا، شمال سے جنوب تک پاکستان کے طول و عرض میں ترقی کی نئی لکیریں کھینچیں اور سب سے بڑھ کر قوم کے ذہن میں امید کا چراغ جلایا کہ ہم بھی ترقی کر سکتے ہیں، ہم بھی آگے بڑھ سکتے ہیں اورہم بھی خطے کے اہم کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ لیکن اس ترقی کی اصل روح صرف معاشی پہلو تک محدود نہیں بلکہ اس میں ایک روحانی احساس بھی شامل ہے وہ احساس کہ اللہ تعالی نے اس ملک کو وسائل بھی دیے، محلِ وقوع بھی دیا، دوست بھی دیے، مواقع بھی دیے، اب ذمہ داری ہم پر ہے کہ ہم نیت بھی سچی رکھیں، حکمت بھی مضبوط رکھیں اور فیصلوں میں شفافیت بھی قائم رکھیں۔ یہی مقام ہے جہاں سی پیک صرف ایک منصوبہ نہیں بلکہ تاریخی ذمہ داری کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ یہ ذمہ داری اس ریاست کی بھی ہے جو پالیسی بناتی ہے، ان اداروں کی بھی ہے جو ان پالیسیوں کو عملی جامہ پہناتے ہیں، اس سیاسی قیادت کی بھی ہے جو اس منصوبے کو اپنی ذاتی مفاد کی سیاست سے آزاد رکھ کر قومی مفاد کے پیمانے پر دیکھے، اس عوام کی بھی ہے جو اس سفر میں مستقل مزاجی کے ساتھ شامل رہے اور اس سوچ کی بھی ہے جو اس ترقی کو صرف آج کے فائدے کے طور پر نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کے طور پر دیکھے۔تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ ہر بڑے منصوبے کے ساتھ سوالات بھی پیدا ہوتے ہیں، اعتراضات بھی اٹھتے ہیں، دنیا کے طاقتور سیاسی و اقتصادی مراکز بھی اپنی ترجیحات کے مطابق تبصرے کرتے ہیں، کبھی قرضوں کا معاملہ زیرِ بحث آتا ہے، کبھی شفافیت پر سوال اٹھتے ہیں، کبھی ملکی خودمختاری کا ذکر ہوتا ہے اور کبھی بین الاقوامی طاقتوں کے مفادات اس راہداری سے جڑ جاتے ہیں، مگر اصل بات اعتراضات کی تعداد نہیں بلکہ جواب کی مضبوطی ہے ۔ اصل طاقت اس تنقید کے مقابل شفاف گورننس، ادارہ جاتی استحکام، منصفانہ پالیسیوں، مقامی آبادی کی شمولیت، ماحولیاتی تحفظ اور دیرپا حکمت عملی سے ملتی ہے۔اگر پاکستان نے اس منصوبے کو دانشمندی، وسیع النظر اور مضبوط نظم وضبط کے ساتھ آگے بڑھایا تو یہ راہداری نہ صرف ترقی دے گی بلکہ ترقی کے پاک چین اقتصادی راہداری کی کامیابی صرف سرمایہ کاری سے نہیں بلکہ ہماری نیت، ہماری تنظیم، ہماری پالیسیوں کی پختگی اور ہمارے اجتماعی کردار سے جڑی ہوئی ہے۔ اگر ہم نے اسے دیانت داری کے ساتھ سنبھالا تو یہ نسلوں کو فائدہ دے گی اوراگر ہم نے اسے صرف سیاست کی نذر کر دیا تو یہ ایک کھویا ہوا موقع بھی بن سکتا ہے۔ عالمی برادری نے پاکستان کو نئے زاویے سے دیکھنا شروع کیاہے ایک ایسے ملک کے طور پر جو صرف مشکلات کا حوالہ نہیں بلکہ مواقع کی مثال بھی ہے، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ترقی کا سفر ہمیشہ سیدھا نہیں ہوتا، راستے میں مسائل بھی آتے ہیں، چیلنجز بھی، کبھی رفتار سست پڑتی ہے، کبھی ماحول بدلتا ہے، کبھی سیاسی ہنگامے اپنا اثر ڈالتے ہیں مگر قومیں وہی کامیاب ہوتی ہیں جو مستقل مزاجی سے اپنے راستے پر چلتی رہتی ہیں۔ لیکن امید کا پہلو یہ ہے کہ آج پاکستان، چین کے ساتھ ثابت قدم دوستی، علاقائی تغیرات، عالمی اقتصادی تبدیلیوں اور اپنے اندر جاگتی ہوئی شعورمند قوم کی بدولت اس مقام پر کھڑا ہے جہاں وہ یہ ثابت کر سکتا ہے کہ ترقی ممکن ہے اور ترقی وہی پائیدار ہوتی ہے جو جامع اقتصادی فلسفہ ترقی پر مبنی ہو، جس میں انسان مرکز ہو، انصاف شامل ہو، مواقع سب کے لیے یکساں ہوں، وسائل کی تقسیم منصفانہ ہو اور ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے۔یہی وہ فکری روشنی، روحانی یقین اور عملی تدبیر ہے جو اس ملک کو نہ صرف مضبوط بنا سکتی ہے بلکہ اسے خطے میں قیادت کے کردار تک بھی لے جا سکتی ہے۔ اس لئے آج پاکستان کے سامنے جو سب سے بڑی آزمائش ہے وہ یہ نہیں کہ سی پیک کتنا بڑا منصوبہ ہے بلکہ یہ ہے کہ ہم بطور قوم اس منصوبے کے ساتھ کتنی سنجیدگی اختیار کرتے ہیں۔ اگر ہم نے اپنی تاریخی ذمہ داری پوری کر لی تو آنے والی نسلیں اس دور کو یاد کریں گی کہ یہ وہ وقت تھا جب پاکستان نے مایوسی کے اندھیروں سے نکل کر امید کی روشن شاہراہ پر قدم رکھا، یہ وہ موڑ تھا جہاں اس نے پسماندگی کو ترک کیا اور ترقی کی طرف بڑھنے کا عہد کیا۔یہی اصل کامیابی ہے اور یہی پاکستان اور چین کی اس عظیم شراکت داری کی روح ہے کہ تعاون محض معاہدوں سے نہیں بلکہ دلوں کے یقین، سوچوں کی ہم آہنگی اور مستقبل کے واضح وژن سے پھلتا پھولتا ہے۔ سی پیک صرف آج کا منصوبہ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے اعتماد کا چراغ ہے اور اس چراغ کو روشن رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں