Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

پاکستانی پاسپورٹ سے کن ممالک میں ویزا فری انٹری ملے گی؟

اسلام آباد( اوصاف نیوز)پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں تنزلی کے بعد شہری دنیا بھر میں کتنے ممالک میں ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔

بین الاقوامی ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2025 کے تازہ ترین اعدادوشمار میں پاکستانی پاسپورٹ دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے، جو 103 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا پاکستانی شہری اب بھی 31 ممالک کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں۔ تاہم، گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستان کی درجہ بندی میں کمی واقع ہوئی ہے، جب وہ 96 ویں نمبر پر تھا اور 32 ممالک تک رسائی حاصل تھی۔

انڈیکس کے مطابق پاکستان سے نیچے صرف عراق (104 واں، 29 ممالک)، شام (105 واں، 26 ممالک) اور افغانستان (106 واں، 24 ممالک) ہیں۔

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس
اس فہرست میں سنگاپور نے سب سے مضبوط پاسپورٹ کا اعزاز برقرار رکھا ہے، جس کے شہری 193 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ جنوبی کوریا (190) اور جاپان (189) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

جرمنی، اٹلی، اسپین، لکسمبرگ اور سوئٹزرلینڈ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ آسٹریا، فرانس، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

امریکہ اور برطانیہ کی درجہ بندی میں کمی
رپورٹ کے مطابق، امریکی پاسپورٹ نے تاریخ کی کمزور ترین پوزیشن حاصل کر لی ہے، جو اب 12 ویں نمبر پر ہے۔ 2014 میں یہ فہرست میں پہلے نمبر پر تھا۔
اسی طرح، برطانوی پاسپورٹ بھی 8 ویں نمبر پر آگیا ہے، جو 2015 میں سرفہرست تھا۔

چینی پاسپورٹ میں نمایاں بہتری
دوسری جانب،چین نے گزشتہ دہائی میں سب سے زیادہ ترقی کی ہے، جو 94 ویں سے بڑھ کر 64 ویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ چین نے حال ہی میں روس سمیت کئی ممالک کے لیے ویزا فری پالیسی متعارف کرائی ہے۔

پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری ممالک کی فہرست
پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد درج ذیل ممالک کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں

بارباڈوس، برونڈی، کمبوڈیا، کیپ وردے، کوموروس، کُک آئی لینڈز، جیبوتی، ڈومینیکا، گنی بساؤ، ہیٹی، کینیا، مڈغاسکر، مالدیپ، مائکرونیشیا، مونٹسرات، موزمبیق، نیپال، نیو، پالاؤ، قطر، روانڈا، ساموآ، سینیگال، سی شلز، سیرا لیون، سری لنکا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گرینیڈائنز، تیمور لیستے، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، تووالو اور وینواٹو۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی میں کمی کی وجوہات میں سفارتی تناؤ، کمزور بین الاقوامی شراکت داری اور سفری سہولتوں کی محدودیت شامل ہیں۔
مزید پڑھیں‌:پاکستان سے سپین کے ویزہ اپائنٹمنٹس پر ایجنٹ مافیا کا غلبہ

یہ بھی پڑھیں