وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری نے ہر قسم کی بجلی چوری ختم کرنے کے لیے 23 اپریل کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری نے تمام ڈسکوز کے چیئرمینز اور سی ای اوز کو بجلی چوری کے خاتمے کی ہدایات دی ہیں۔
پاور ڈویژن کے بیان کے مطابق وفاقی وزیر بجلی نے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں: سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پمز کو آؤٹ سورس کرنے کی تیاریاں جاری
وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ ڈیٹا بجلی چوری کے اصل نقصانات کے اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتا، تمام متعلقہ افسران بجلی چوری کے تمام ذرائع کا پتہ لگا کر حل کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایس ایز، ایکسینز، ایس ڈی اوز اور متعلقہ فیلڈ سٹاف کو اپنے علاقوں میں چوری نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا ہو گا، تمام چیف ایگزیکٹو افسران ان سرٹیفکیٹس کو چیک کر کے وزارت کو جمع کرائیں گے۔
وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری نے مزید کہا ہے کہ ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، عدم مطابقت یا متصادم شواہد پر محکمے کے اہلکاروں کے خلاف قانونی اور تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کو سخت سزا دینے کے لیے قوانین میں ترامیم کی جائیں گی، برطرفی روکنے کے لیے قوانین میں ترامیم کی جائیں گی۔

