اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان کے معروف ٹرائیتھلون ایتھلیٹ اورعمران خان کے بھانجے شاہریز خان سپین میں 8 اور 9 نومبر کو ہونے والی ’’آئرن مین 70.3 ورلڈ چیمپئن شپ‘‘ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے والے واحد پاکستانی ہیں تاہم انہیں سفر سے روک دیا گیا ہے کیونکہ ان کا نام ’’پاسپورٹ کنٹرول لسٹ‘‘ میں شامل ہے۔ شاہریز کے مطابق ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور وہ صرف بطورایتھلیٹ پاکستان کی نمائندگی کے خواہشمند ہی۔ شاہریز خان نے کہا، ’’میں ایک ایتھلیٹ ہوں، سیاست دان نہیں، میری واحد خواہش ہے کہ میں پاکستان کا نام عالمی سطح پرفخرکے ساتھ بلند کروں۔ خبر کے مطابق 21 اگست 2025 کو لاہور ایئرپورٹ پرانہیں اپنی اہلیہ کے ہمراہ سفر سے روکا گیا اور آف لوڈ کیا گیا۔ 22 اگست کوایک سینئر تحقیقاتی افسر نے بتایا کہ شاہریز کو 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کے ایک مقدمے میں مطلوب قرار دیا گیا ہے۔
مزیدپڑھیں:باباگورونانک دیوجی کے556ویں جنم دن کی تقریبات،تعلیمی ادارے 3روز کیلئے بند


