پشاور – خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا موٹر سائیکل سواروں کیلئے دو ہزار دو سو روپے پیٹرول سبسڈی کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے عوام کو ریلیف مل سکے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے یہ اعلان پشاور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر اطلاعات کے معاون خصوصی شفیع جان اور مشیر خزانہ مزمل اسلم بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے پیٹرول کی حالیہ قیمتوں میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے عام شہری شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل روزمرہ سفر کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں تقریباً چودہ سے سولہ لاکھ موٹر سائیکل رجسٹرڈ ہیں۔ ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالک کو دو ہزار دو سو روپے سبسڈی دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور بڑھتی قیمتوں کے باوجود بی آر ٹی کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کے اضافی اخراجات صوبائی حکومت خود برداشت کرے گی تاکہ مسافروں پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
سہیل آفریدی نے مزید بتایا کہ اخراجات کم کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے نئے سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگا دی ہے جبکہ غیر ملکی دوروں کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ ہیلی کاپٹر حادثے کے باوجود صوبائی حکومت نیا ہیلی کاپٹر نہیں خریدے گی اور عوامی وسائل کو بچانے پر توجہ دے گی۔

