لاہور( اوصاف نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے صوبے بھر کی عدالتوں میں پیش ہونے والے وکلا کے لیے گاؤن پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد ڈپٹی رجسٹرار سروسز نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، 3 نومبر 2025 سے تمام وکلا کے لیے عدالتوں میں گاؤن پہننا لازمی ہوگا، اور اس پابندی کا اطلاق ہائیکورٹ سمیت ضلعی و سیشن عدالتوں پر بھی ہوگا۔
عدالتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ عدالتی وقار، یکسانیت اور پروفیشنل ڈریس کوڈ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ ہائیکورٹ انتظامیہ نے تمام بار ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ارکان کو ڈریس کوڈ کی پابندی کے حوالے سے آگاہ کریں۔
وکلا برادری کے بعض حلقوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ کچھ نے موسم اور عدالتی سہولتوں کے پیشِ نظر نظرِ ثانی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
مزید پڑھیں:ایئر بلیو کی پروازیں گھنٹوں لیٹ! مسافر بے حال،عملہ خاموش



