Search
Close this search box.
پیر ,13 جولائی ,2026ء

رکن قومی اسمبلی کاجوان سال بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق

کراچی(نیوز ڈیسک)ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا 23 سالہ بیٹا شاہ زیب نقوی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق حادثہ کلفٹن کے علاقے میں پیش آیا۔

شاہ زیب نقوی کی میت فی الحال سہراب گوٹھ کے سرد خانے میں موجود ہے، جہاں ایم کیو ایم کی قیادت اور کارکنان ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے موجود ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کراچی کے پوش علاقے کلفٹن انڈر پاس کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا، حادثے میں کار سوار شاہ زیب سر پر چوٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی شاہ زیب چلا رہا تھا، گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرائی جس کے باعث حادثہ پیش آیا، حادثے میں شاہ زیب کا دوست محمد الیاس زخمی ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شاہ زیب کے اہلخانہ نے قانونی کارروائی سے منع کیا ہے، ضابطے کی کارروائی کے بعد شاہ زیب کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔

ٹریفک حادثے میں جاں بحق نوجوان شاہ زیب ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا بیٹا ہے اور اس حوالے سے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ سید شاہ زیب کی نماز جنازہ آج بعد نماز عشاء ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب حادثے کی خبر ملتے ہی رعنا انصار فوری طور پر اسلام آباد سے کراچی روانہ ہوگئیں تاکہ اپنے بیٹے کی آخری رسومات میں شرکت کرسکیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ : عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بی کی ضمانت منظور، رہاکرنے کا حکم

یہ بھی پڑھیں