نئی دہلی (اوصاف نیوز) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ایک بار پھر ایشیاء کپ 2025 کی ٹرافی واپس کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ بورڈ کے سیکرٹری دیواجیت سائکیا کے مطابق، بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو باضابطہ خط لکھ کر ٹرافی کو بھارت بھیجنے کی درخواست کی ہے۔
دیواجیت سائکیا نے میڈیا کو بتایا کہ ہم ٹرافی اے سی سی سے وصول کریں گے، محسن نقوی سے نہیں۔ ٹرافی نہ ملی تو معاملہ آئی سی سی میں اٹھایا جائے گا۔ ان کے مطابق اے سی سی کو اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کرنا چاہیے تاکہ ٹورنامنٹ کے آخری مراحل شفاف طریقے سے مکمل ہوں۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے 10 نومبر کو ہونے والی تقریب میں بھارت کو ٹرافی وصول کرنے کی پیشکش کی تھی تاہم بھارت نے تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا۔
خیال رہے کہ ایشیاء کپ 2025 کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا تاہم بھارتی ٹیم نے اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔ بھارتی رویے کے باعث تقریب میں تاخیر ہوئی، ٹیم نے ٹرافی کے بغیر جشن منایا۔
مزید پڑھیں:این اے 18 ضمنی انتخاب: سکروٹنی کا عمل مکمل


