بیجنگ(نیوز ڈیسک) چین کے صوبہ شینڈونگ کے شہر بنژو میں ایک جم نے سوشل میڈیا پر ایک حیران کن فٹنس چیلنج پیش کیا ہے، جس میں 3ماہ کے اندر 50 کلوگرام وزن کم کرنے والے شخص کو انعام میں پورشے پینامیرا دی جائے گی۔
جم کے کوچ وانگ کا کہنا ہے کہ یہ کوئی مارکیٹنگ اسٹنٹ نہیں بلکہ حقیقی فٹنس مقابلہ ہے۔ چیلنج میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد کو 10,000 یوآن (تقریباً 4 لاکھ پاکستانی روپے) بطور رجسٹریشن فیس ادا کرنی ہوگی، جس میں رہائش اور کھانے کے اخراجات بھی شامل ہیں۔ ابھی تک سات یا آٹھ افراد شامل ہو چکے ہیں، اور رجسٹریشن صرف 30 شرکاء کے مکمل ہونے کے بعد بند کی جائے گی۔
انعام کے طور پر دی جانے والی گاڑی استعمال شدہ 2020 ماڈل پورشے پینامیرا ہے، جو جم کے بانی کی ذاتی ملکیت ہے۔ چین میں نئی پینامیرا کی قیمت تقریباً 1.1 ملین یوآن (تقریباً 4 کروڑ 34 لاکھ پاکستانی روپے) ہے، جبکہ پاکستان میں استعمال شدہ ماڈلز کی قیمت 7 کروڑ سے 16.8 کروڑ روپے کے درمیان ہے۔
پورشے پینامیرا لگژری سپورٹس سیڈان ہے، جس میں 2.9 سے 4.0 لیٹر کے انجن نصب ہیں اور یہ چار سیکنڈ سے بھی کم میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر سکتی ہے۔ اس کی شاندار چمکدار ڈیزائن، پریمیم لیدر انٹیریئر اور جدید سیفٹی ٹیکنالوجی اسے دنیا کی پسندیدہ لگژری گاڑیوں میں شامل کرتی ہیں۔
اگرچہ چیلنج کے نتائج ابھی دیکھنے باقی ہیں لیکن اس نے فٹنس کے شوقین افراد میں جوش اور تجسس دونوں بڑھا دیے ہیں کیونکہ تین ماہ میں 50 کلوگرام وزن کم کرنا آسان کام نہیں۔
مزیدپڑھیں:پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی خاتون رکن اور ان کے شوہر کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا



