اسلام آباد(نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دریں اثنا دیر بالا کے دیر کوہستان میں موسلا دھار بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی نے تباہی مچا دی۔ باڈا کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے وادی کمراٹ جانے والی سڑک بند ہو گئی، جس سے بڑی تعداد میں سیاح پھنس کر رہ گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پھنسنے والے سیاحوں میں مرد، خواتین، بوڑھے اور بچے سب شامل ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان اور مانسہرہ میں بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ اور میانوالی میں بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ تھرپارکر اور میرپور خاص میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ کوئٹہ، چمن، زیارت، بارکھان اور سبی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی صورتِ حال سے باخبر رہیں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

