اسلام آباد (نیوز ڈیسک): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، کوٹلی ستیاں اور گردونواح میں بارانِ رحمت شروع ہو گئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا تاہم سردی کی شدت میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بارش شروع ہوتے ہی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد بنا دیا اور جاتی ہوئی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی۔ شہریوں نے بارش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ بابرکت مہینے رمضان المبارک میں بارانِ رحمت کا نزول ہوا۔
اطلاعات کے مطابق ضلع مری کی تحصیل کوٹلی ستیاں میں اس وقت موسلا دھار بارش جاری ہے جس کے باعث موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے تاہم ٹھنڈ میں اضافے کے باعث گرم کپڑوں کا استعمال دوبارہ بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب بارش کے بعد سڑکوں پر پھسلن بھی پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث ڈرائیورز کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران جڑواں شہروں اور ملحقہ علاقوں میں مزید بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
مزیدپڑھیں:نیتن یاہو کی نئی ویڈیو پر شکوک، اصلی یا جعلی ہونے پر سوالات اٹھ گئے


