بیجنگ(نیوزڈیسک)ایک گمشدہ ننھی بچی نے موبائل فون کے بغیر یا کسی اجنبی سے مدد لیے بغیر ایک منفرد طریقے سے اپنے گھر والوں سے ملنے میں کامیابی حاصل کی۔
چین کے صوبے Zhejiang سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ بچی Quzhou کے ساتھ یہ واقعہ 30 جولائی کو پیش آیا۔
یہ بچی اپنی ڈانسنگ کلاس سے گھر واپس آتے ہوئے دادا سے جدا ہوگئی تھی۔
اپنے گھر کے راستے سے لاعلم یہ بچی خاندان سے رابطہ نہ کر پانے پر بہت زیادہ پریشان ہوگئی تھی۔
اس نے اپنے قریب ایک اے ٹی ایم بوتھ دیکھا تو اس میں داخل ہوکر مشین میں لگے سرخ بٹن کو دبا دیا۔
ایسا کرنے سے اس کا رابطہ بینک کے مانیٹرنگ سینٹر سے ہوگیا۔
اس بینک کے عملے میں شامل زاؤ ڈونگ ینگ نے بچی کی کال کا جواب دیا۔
زاؤ ڈونگ ینگ نے بچی سے پوچھا کہ کیا اس کے پاس دادا کا فون نمبر ہے، جو اس کے پاس نہیں تھا اور نہ ہی اسے خاندان کے دیگر افراد کے فون نمبر معلوم تھے۔
اس کے بعد زاؤ ڈونگ ینگ نے پولیس سے رابطہ کیا اور بچی سے بات جاری رکھی۔
اس نے بچی سے کہا کہ وہ اے ٹی ایم بوتھ میں رہے اور پولیس کا انتظار کرے۔
پولیس کا عملہ وہاں پہنچا اور انہوں نے بچی کو دادا سے ملایا جو اسے کافی دیر سے ڈھونڈ رہے تھے۔
