واشنگٹن (نیوز ڈیسک) پاکستانی بیلسٹک میزائل پروگرام پرپابندیوں بارے امریکی محکمہ خارجہ کا بیان سامنے آگیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل کا کہناتھا کہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق امریکا کے تحفظات واضح ہیں۔
امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لانگ رینج بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار امریکا کی دیرینہ پالیسی ہے، امریکا اسلحہ کے عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کو برقرار رکھے گا، پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایک تقریب سے خطاب میں امریکا کے نائب مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس پاکستان طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل تیار کر رہا ہے جو اسے جنوبی ایشیا سے باہر کے اہداف بشمول امریکا کو بھی نشانہ بنانے کے قابل بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اقدامات اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے مقاصد کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔امریکی نائب مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ اگر کھل کر بات کی جائے تو پاکستان کے اقدامات کو امریکا کیلئے ایک ابھرتے ہوئے خطرے کے سوا کچھ اور سمجھنا مشکل ہے۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کے لیے بریک تھرو کا امکان


