Search
Close this search box.
اتوار ,14 جون ,2026ء

افغانستان میں خوفناک زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 800 تک پہنچ گئی

افغانستان(نیوز ڈیسک)افغانستان میں گزشتہ رات آنے والے خوفناک زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔

مشرقی افغانستان میں زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 800 تک پہنچ گئی ہے۔

ترجمان افغان حکومت کے مطابق افغانستان میں گزشتہ رات آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب 800 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 2800 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی صرف 8 کلومیٹر تھی۔

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا، جبکہ تقریباً 20 منٹ بعد 4.5 شدت کا آفٹر شاک بھی اسی علاقے میں محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ زلزلے کے باعث شدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مقامی حکام اور عام شہری متاثرہ خاندانوں کی مدد میں مصروف ہیں جبکہ قریبی صوبوں اور مرکزی حکومت سے امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں۔ ریسکیو اور بحالی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔

افغان حکومت نے امدادی تنظیموں سے فوری طور پر ریسکیو آپریشن میں مدد کی اپیل کی ہے، افغان حکام نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کے آفٹر شاکس او ر لینڈسلائیڈنگ کے باعث زلزلے سے متاثرہ علاقوں کو جانے والی سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں اور سیلاب سے متاثرہ پہاڑی علاقوں میں صرف فضائی ریسکیو آپریشن ہی ممکن ہے۔

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا، مقامی حکام اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مرکز اور قریبی صوبوں سے امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و بحالی کے کاموں میں حصہ لیں گی۔

یاد رہےکہ اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

لاہور، اسلام آباد، مری سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

پشاور اور مردان سمیت مختلف اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے آئے، اسی کے ساتھ ساتھ چکوال، ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں بھی زلزلے کی شدت محسوس کی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلےکی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی گہرائی 15 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں تھا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق 12 بج کر 38 منٹ پر ہنگو، مالاکنڈ، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد ، اسلام آباد، راولپنڈی، چترال اور پشاور میں 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

مزید پڑھیں۔مانسہرہ میں موسلادھار بارش سے برساتی نالہ بپھر گیا، 3 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں

یہ بھی پڑھیں