بحرین(انٹرنیشنل ڈیسک) بحرین نے گولڈن ویزا کے لیے سرمایہ کاری کی کم از کم شرائط میں 35 فیصد کمی کرتے ہوئے غیر ملکیوں کے لیے ملک میں آباد ہونے کے امکانات کو آسان بنا دیا ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ کے قومی شہریت، پاسپورٹس اور رہائشی امور نے اعلان کیا ہے کہ سرمایہ کاری کی حد 2 لاکھ بحرینی دینار سے کم کر کے 1 لاکھ 30 ہزار بحرینی دینار کر دی گئی ہے۔ اب وہ افراد جو 130,000 بحرینی دینار مالیت کی جائیداد کے مالک ہیں، گولڈن ویزا کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
گولڈن ویزا مختلف اقسام کے افراد کے لیے ہے، جن میں رئیل اسٹیٹ سرمایہ کار، وہ پیشہ ور افراد جو ماہانہ 2,000 بحرینی دینار یا اس سے زیادہ کماتے ہیں، 15 سال بحرین میں کام کرنے والے ریٹائرڈ افراد، غیر مقیم ریٹائرڈ افراد جن کی پنشن 4,000 بحرینی دینار یا اس سے زیادہ ہے، اور وہ باصلاحیت افراد جو معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، شامل ہیں۔
درخواست دہندگان کو وزارت کے پورٹل کے ذریعے درخواست دینی ہوگی اور اس کے لیے درست پاسپورٹ، چھ ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹس، صحت کی انشورنس اور رہائش کے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔ درخواست فیس 5 بحرینی دینار جبکہ ویزا اجرا کی فیس 300 بحرینی دینار ہے۔
گولڈن ویزا ہولڈرز بحرین میں کہیں بھی کام کر سکتے ہیں، غیر محدود داخلے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اپنے زیر کفالت افراد کو اسپانسر کر سکتے ہیں اور مکمل کاروباری ملکیت کے حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:خیبرپختونخوا میں گورنر تبدیلی کی خبریں، فیصل کریم کنڈی نے تردید کردی



