واشنگٹن/نیویارک(نیوز ڈیسک) 2016 کے اواخر میں سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین نے سعودی قیادت کو خود کو پسِ پردہ مالی مشیر کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی تھی۔ یہ انکشاف منظرِ عام پر آنے والی ای میلز سے ہوا ہے، جو مبینہ طور پر اس وقت کے سعودی شہزادہ (بعد ازاں ولی عہد) محمد بن سلمان کے لیے لکھی گئی تھیں، اگرچہ ای میل میں نام کا براہِ راست ذکر نہیں کیا گیا۔
ای میلز کے مطابق ایک شخصیت، عزیزہ الاحمدی، نے لکھا کہ “آپ کی ای میل کا عربی ترجمہ پہلے ہی پہنچا دیا گیا ہے۔” یہ خط و کتابت نومبر 2016 میں ہوئی، یعنی اس وقت سے کچھ ماہ پہلے جب محمد بن سلمان نے جون 2017 میں باضابطہ طور پر ولی عہد کا عہدہ سنبھالا اور وژن 2030 کے معمار اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کے چیئرمین کے طور پر فیصلہ سازی میں مرکزی کردار حاصل کیا۔
ای میل میں ایپسٹین نے سعودی دربار میں اعلیٰ سطح پر باضابطہ کردار کی تجویز دیتے ہوئے خود کو “فنانشل کنفیڈنٹ” (مالی معتمد) بنانے کی پیشکش کی اور کہا کہ وہ وژن 2030 کی مالی ساخت بندی میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ وہ سیاسی یا عسکری نوعیت کا کردار نہیں چاہتا بلکہ سعودی عرب کے مفادات کی نمائندگی کرتے ہوئے “وال اسٹریٹ کے طریقوں” سے نمٹنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ایپسٹین نے یہ بھی کہا کہ وہ تمام مالی امور پر مکمل کنٹرول چاہے گا اور وزراء و مشیروں سمیت تمام متعلقہ معاملات کا خود جائزہ لے گا۔ اس نے براہِ راست “شہزادے” تک رسائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہر دو ہفتے بعد ملاقات یا اسکارپ کال کی درخواست کی۔
دلچسپ طور پر، ای میل میں اس نے پہلے سال کے لیے کسی بھی قسم کی فیس نہ لینے کی پیشکش کی اور کہا کہ صرف سفری اور براہِ راست اخراجات کی ادائیگی کافی ہوگی، جبکہ ایک سال بعد شہزادہ خود طے کرے کہ اس کی فرم کو کتنی ادائیگی کرنی ہے۔
ای میلز میں سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کا حوالہ بھی دیا گیا، جو تقریباً ایک ٹریلین ڈالر کے اثاثوں کی نگرانی کرتا ہے، اور اس کی تنظیمی ساخت اور مالی تفصیلات دیکھنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔
واضح رہے کہ اس وقت تک جیفری ایپسٹین پہلے ہی جنسی جرائم میں سزا یافتہ تھا اور رجسٹرڈ جنسی مجرم کی حیثیت رکھتا تھا۔ جاری کردہ مواد میں ایپسٹین اور محمد بن سلمان کی ایک مشترکہ تصویر کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جس نے اس معاملے کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
مزیدپڑھیں:نمونیا کے کیسز میں اضافہ، 24گھنٹوں میں 57بچے متاثر


