Search
Close this search box.
جمعه ,05 جون ,2026ء

نائیجیریا میں مسلح افراد کا گاؤں پر دھاوا، 50 افراد ہلاک، متعدد اغوا

ابوجہ(نیوز ڈیسک)نائیجیریا کے شمال مغربی صوبے زمفارا میں مسلح افراد کے ایک گاؤں پر حملے میں کم از کم 50 افراد ہلاک اور کئی خواتین و بچے اغوا کر لیے گئے۔

صوبے سے تعلق رکھنے والے ایک قانون ساز نے رائٹرز کو بتایا کہ حملہ آور جمعرات کی شام قریباً 5 بجے سے جمعہ کو صبح 3:30 تک گاؤں پر چھاپہ مار کر عمارتیں جلا دیتے اور بھاگنے کی کوشش کرنے والے رہائشیوں پر فائرنگ کرتے رہے۔

انہوں نے بتایا کہ حملہ آور ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں کی طرف بڑھتے رہے، اور اس دوران کم از کم 50 افراد ہلاک ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اغوا شدگان کی تعداد ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔ گاؤں کے روایتی رہنما اور مقامی حکومت کے اہلکار لاپتا افراد کی گنتی کر رہے ہیں۔

گاؤں کے 41 سالہ رہائشی عبداللہ نے بتایا کہ حملے میں ان کے خاندان کے 3 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک روز قبل گاؤں کے رہائشیوں نے سیکیورٹی فورسز اور مقامی حکام کو اطلاع دی تھی جب انہوں نے 150 سے زیادہ موٹرسائیکلوں پر مسلح افراد کو دیکھاتھا، لیکن اس انتباہ کو نظر انداز کیا گیا۔

واضح رہے کہ نائیجیریا میں سیکیورٹی کی صورتحال سنگین تشویش کا باعث ہے اور حکومت پر استحکام بحال کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔ شمالی نائیجیریا میں ڈاکوؤں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جن میں مہلک حملے، تاوان کے لیے اغوا اور کمیونٹیز کو بے گھر کرنا شامل ہے۔
مزید پڑھیں:ٹی20 ورلڈ کپ سپر8 مرحلہ: پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ، فخر زمان کی واپسی

یہ بھی پڑھیں