دنیا بھر میں لکڑی کے کام (Wood Works)یعنی ووڈ ورکنگ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی تیزی سے تبدیلی لا رہی ہے، جہاں مصنوعی ذہانت، جدید روبوٹکس اور اسمارٹ حفاظتی نظام نہ صرف کام کی رفتار بڑھا رہے ہیں بلکہ کاریگروں کی صحت، حفاظت اور سہولت میں بھی نمایاں بہتری لا رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق روایتی ورکشاپس میں لکڑی کی دھول اور باریک ذرات ہمیشہ ایک بڑا مسئلہ رہے ہیں، جو کاریگروں کے پھیپھڑوں اور سانس کی بیماریوں کا سبب بنتے تھے۔ تاہم اب جدید ڈسٹ کلیکشن سسٹمز، ہائی پریشر ایکسٹریکٹرز اور طاقتور فلٹرز نے اس مسئلے کو کافی حد تک کم کر دیا ہے۔
فرنیچر ساز اور ووڈ ورکنگ انسٹرکٹر رائن سانڈرز کے مطابق آج کے جدید ورکشاپس ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ محفوظ اور صاف ستھرے ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعض جدید کارخانوں میں لکڑی کی دھول تقریباً مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے، جس سے کارکنوں کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
جدید ڈسٹ کنٹرول سسٹمز
اسی شعبے میں جدت لاتے ہوئے انجینیئر اور ووڈ ورکر کرس ڈی جونگ نے 2024 میں BlastGate.com کے نام سے ایک کمپنی قائم کی، جس نے ایسا ذہین سسٹم تیار کیا ہے جو صرف ضرورت پڑنے پر ہی دھول صاف کرنے والا نظام فعال کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے نہ صرف بجلی کی بچت ممکن ہوئی ہے بلکہ ورکشاپس کے آپریشنل اخراجات میں بھی واضح کمی آئی ہے۔
خطرناک مشینیں اب زیادہ محفوظ
لکڑی کاٹنے والی مشینیں ہمیشہ سے حادثات کے خطرے سے جڑی رہی ہیں، لیکن جدید حفاظتی ٹیکنالوجی نے اس میدان میں بھی بڑی پیش رفت کی ہے۔
امریکی کمپنی SawStop نے ایک ایسا جدید حفاظتی نظام متعارف کرایا ہے جو انسانی ہاتھ کے بلیڈ سے ٹکرانے کے خدشے پر صرف 5 ملی سیکنڈ میں آری کو روک دیتا ہے، جس سے شدید زخمی ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
اسی طرح جرمن کمپنی Altendorf نے مصنوعی ذہانت اور کیمروں سے لیس ایک اسمارٹ سسٹم تیار کیا ہے جو ہاتھ کو بلیڈ کے قریب آتے ہی خطرے کا اندازہ لگا لیتا ہے۔
سی این سی مشینوں اور تھری ڈی پرنٹنگ کا بڑھتا رجحان
ووڈ ورکنگ کی دنیا میں کمپیوٹرائزڈ مشینیں بھی تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ جدید ورکشاپس میں لیزر کٹرز، تھری ڈی پرنٹرز اور کمپیوٹر کنٹرولڈ سی این سی مشینیں پیچیدہ ڈیزائنز کو کم وقت میں زیادہ درستگی کے ساتھ تیار کر رہی ہیں۔
برطانیہ کے غیر منافع بخش ورکشاپ “Paw” کے ڈائریکٹر الیکس مارش کے مطابق سی این سی مشینوں کے سافٹ ویئر اب پہلے کے مقابلے میں بہت آسان ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے نئے صارفین بھی انہیں باآسانی استعمال کر رہے ہیں۔
عبدالعلیم خان کاپنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹروے ایم فور کو تین رویہ بنانے کا اعلان
امریکی کمپنی Shaper نے ہاتھ سے استعمال ہونے والی جدید سی این سی روٹر بھی متعارف کرائی ہے، جو ڈیجیٹل کنٹرول کے ذریعے انتہائی درست کٹنگ اور ڈیزائننگ ممکن بناتی ہے۔
مصنوعی ذہانت کا کردار
ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت اب لکڑی کے کاریگروں کو صرف مشین چلانے تک محدود نہیں رکھ رہی بلکہ ڈیزائننگ، مواد کی مقدار کا تخمینہ لگانے اور تعمیراتی قوانین سمجھنے میں بھی مدد فراہم کر رہی ہے۔
برطانیہ کی کمپنی Automated Architecture نے ایک جدید “مائیکرو فیکٹری روبوٹ” تیار کیا ہے، جو شپنگ کنٹینر کے اندر نصب ہو کر تعمیراتی مقام پر ہی ایک دن میں پورے گھر کے لکڑی کے پینلز تیار کر سکتا ہے۔
روایتی ہنر اب بھی اہم
اگرچہ جدید ٹیکنالوجی نے ووڈ ورکنگ کو زیادہ تیز، محفوظ اور مؤثر بنا دیا ہے، لیکن کئی ماہر کاریگر اب بھی روایتی انداز کو ترجیح دیتے ہیں۔
رائن سانڈرز کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نظام اور مشینی عمل کے باوجود ہاتھ سے کام کرنے میں ایک خاص انسانی تعلق، تخلیقی احساس اور فنکارانہ مہارت شامل ہوتی ہے، جسے مکمل طور پر مشینوں سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔


