نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا کی پہلی سی این جی موٹر سائیکل ایجاد۔ پٹرول پر بھی چلے گی۔ سی این جی سلنڈر پر یہ 213 کلومیٹر جبکہ پیٹرول پر 117 کلومیٹر سفر کر سکے گی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی کمپنی بجاج آٹو نے دنیا کی پہلی سی این جی موٹرسائیکل ’’فریڈم 125‘‘ متعارف کرادی ہے۔ فریڈم 125 پیٹرول اور سی این جی دونوں پر چلے گی۔
موٹرسائیکل کی قیمت 95 ہزار سے 1 لاکھ 10 ہزار بھارتی روپے (3 لاکھ 34 ہزار پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔ فریڈم 125 کی بکنگ شروع کردی گئی ہے جبکہ یہ موٹرسائیکل مصر، افریقی ممالک کے علاوہ تنزانیہ، پیرو میں بھی دستیاب ہے۔ اسے انڈونیشیا اور بنگلہ دیش کو برآمد کیا جائے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ فریڈم 125 ڈرامائی طور پر اخراجات کو نصف میں کم کرے گی۔
ہینڈل بار میں نصب سوئچ کی مدد سے موٹرسائیکل کو سی این جی سے پٹرول اور پٹرول سے سی این جی میں منتقل کیا جا سکتا ہے جبکہ سی این جی سلنڈر پٹرول ٹینک کے نیچے نصب ہوتا ہے تاہم سی این جی نوزل پٹرول ٹینک کے احاطہ سے دور نصب ہوتی ہے۔ پٹرول ٹینک بھی دو لیٹر کی گنجائش کا ہے جبکہ سی این جی سلنڈر بھی دو کلو گیس کی گنجائش کا ہے۔
فریڈم 125 گیس پر 102 کلومیٹر فی کلو اور پیٹرول پر 64 کلومیٹر فی لیٹر سفر کر سکے گی۔
موٹر سائیکل فریڈم 125 ایک طاقتور 125cc ایئر کولڈ انجن سے لیس ہے جو 9.7 ٹارک کے ساتھ 9.4 bhp پیدا کر سکتا ہے۔ موٹرسائیکل کے اگلے جھٹکے ٹیلیسکوپک فورک ہیں جبکہ پچھلا حصہ مونو شاک ہے۔ فریڈم میں پیچھے ڈرم بریک ہیں جبکہ اگلے پہیے میں ڈسک بریک ہے۔ موٹر سائیکل 17 انچ کے الائے وہیل رمز کے ساتھ دستیاب ہے۔
گول ہیڈ لیمپس طاقتور DRLs سے لیس ہیں، جس کی بدولت آپ دور تک دیکھ سکتے ہیں، ہموار سیٹ پر دو افراد آرام سے بیٹھ سکتے ہیں۔ موٹرسائیکل میں سیمی ڈیجیٹل میٹر اور انسٹرومنٹ کنسول ہے جو نیوٹرل گیئر اشارے کے ساتھ پیٹرول اور سی این جی کی سطح کو بھی ٹریک کرتا ہے۔
مزیدپڑھیں :بجلی 3 روپے 33 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی

