پاکستان میں جہاں تاریخ نےباربارنظامِ حکومت، ریاستی ڈھانچے اور ادارہ جاتی کارکردگی کو آزمائشوں کے مراحل سے گزارا، وہاں آج بنیادی سوال یہی ہے کہ ریاستی ادارے کس حد تک بدل رہےہیں، سنجیدگی کے ساتھ اصلاحات کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور یہ کوششیں کس قدر عوامی زندگی پر اثرانداز ہو رہی ہیں۔ کسی بھی قوم کی ترقی کا سب سے بڑا معیار اس کے اداروں کی مضبوطی، شفافیت، قابلِ اعتبار نظامِ حکمرانی اور کارکردگی میں تسلسل ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج حکومتی سطح پر کی جانے والی کوششیں محض رسمی اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی میدان میں واضح تبدیلیوں کی صورت میں ابھر رہی ہیں۔ گزشتہ برسوں میں جو سب سے اہم تبدیلی محسوس کی گئی وہ یہ تھی کہ بات صرف اصلاحات کے نعروں تک محدود نہیں رہی بلکہ پالیسی سازی سے لے کر نفاذ تک ایک مربوط اور منظم سوچ سامنے آئی۔ یہ احساس اب جڑ پکڑ چکا ہے کہ اگر نظام کو درست نہ کیا گیا تو ترقی صرف خواب ہی رہے گی۔ اسی شعور نے حکومت کو مجبور کیا کہ اداروں کی تنظیم نو کی جائے، ان کی کارکردگی بہتر بنائی جائے، روایتی سستی اور تاخیر کے کلچر کو ختم کیا جائےاور عوامی خدمات کے نظام کو زیادہ مؤثر اور تیزرفتار بنایا جائے۔انتظامی ڈھانچے میں بیوروکریسی کو ہمیشہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل رہی ہے لیکن بدقسمتی سے برسوں سے یہی ادارہ تنقید کی زد میں بھی رہا۔ فائلوں کی تاخیر، سفارش اور سیاسی دباؤ کا کلچر، بدعنوانی اور کارکردگی سے زیادہ تعلقات کو اہمیت دینے والے روئیے نے عوامی اعتماد کوبڑی حد تک متزلزل کیا مگر اب صورتحال پہلے جیسی نہیں رہی۔ اب کارکردگی کی بنیاد پر افسران کی جانچ پڑتال ہو رہی ہے، اہداف طے کیے جا رہے ہیں، کارکردگی رپورٹس تیار ہو رہی ہیں، ڈیجیٹل فائل سسٹم کے ذریعے شفافیت بڑھ رہی ہے، اختیارات کو ذمہ داری کے ساتھ جوڑا جا رہاہے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے جدید نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
ایک عام شہری جو پہلے ایک سادہ مسئلے کے حل کے لیے مہینوں سرکاری دفاتر کے چکر لگاتا تھا، اب وہ بہت سے معاملات گھر بیٹھے آن لائن پورٹل کے ذریعے حل کرنے کے قابل ہو چکا ہے۔ یہ تبدیلی نہ صرف وقت کی بچت ہے بلکہ ذہنی اذیت، مالی بوجھ اور بے یقینی سے بھی نجات کا ذریعہ ہے۔معاشی شعبہ ہمیشہ سب سے نازک اور اہمیت کا حامل رہا ہے، کیونکہ اگر معیشت کمزور ہو تو ریاست کے باقی تمام نظام کمزور ہو جاتے ہیں۔ حکومت نے اس پہلو پر خصوصی توجہ دی۔ محصولات کے نظام میں بہتری، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، مالی شفافیت بڑھانے، غیر ضروری اخراجات کم کرنے، اداروں میں مالی اصلاحات، سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے نفاذ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے جیسے اقدامات کیے گئے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھولنے کی کوشش کی گئی، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے معاشی تشخص کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔ اگرچہ ابھی راستہ طویل ہے، مشکلات بھی موجود ہیں، مگر یہ حقیقت جھٹلائی نہیں جا سکتی کہ معیشت کو بہتر بنانے کے لیے ادارہ جاتی سطح پر سنجیدہ محنت ہو رہی ہے۔اصلاحات کے کسی بھی سفر میں شفافیت اور احتساب بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اگر احتساب نہ ہو تو اصلاحات محض کاغذی کارروائی بن جاتی ہیں اور اگر شفافیت نہ ہو تو عوام کا اعتماد کبھی بحال نہیں ہوتا۔ اسی حقیقت کو سامنے رکھتے ہوئے حکومتی کاوشوں میں احتسابی نظام کو مضبوط بنانے، آڈٹ کے عمل کو مربوط کرنے، مالی بےضابطگیوں کی روک تھام کے لیے نئے قواعد بنانے اورمیرٹ کی بنیاد کو مضبوط کرنے پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ آج ایک عام شہری بھی محسوس کرتا ہےکہ اب فیصلوں کے پیچھے کسی حد تک نظام کھڑا ہے، کوئی پوچھنے والا موجود ہے اور کوئی بھی ادارہ مکمل طور پر بغیر نگرانی کے نہیں چل رہا۔ اسی شعور نے عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کے پل کو دوبارہ تعمیر کرنا شروع کر دیا ہے۔
ریاستی اصلاحات کا اصل مقصد صرف فائلوں کا نظام درست کرنا نہیں بلکہ عوامی زندگی بہتر بنانا ہے۔اسی لئے تعلیم، صحت اور سماجی شعبے کو بھی اصلاحات کا مرکز بنایا گیا۔ تعلیمی اداروں کی بہتری، نصاب کی اصلاح،اساتذہ کی تربیت،سکولوں کی اپ گریڈیشن، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، صحت کے شعبے میں ہسپتالوں کی بہتری، علاج تک عام آدمی کی رسائی، ایمرجنسی سہولیات کی مضبوطی اور سماجی تحفظ کے پروگرام اسی سوچ کا حصہ ہیں کہ اگر عوام مضبوط ہوں گے، تعلیم یافتہ ہوں گے، صحت مند ہوں گے اور باوقار زندگی گزار سکیں گے تو پھر ادارہ جاتی اصلاحات کا اصل مقصد بھی پورا ہوگا کیونکہ مضبوط قوم ہی مضبوط ادارے بناتی ہے۔آج کے دور میں ڈیجیٹل انقلاب نے دنیا کا نقشہ بدل دیا ہے۔ وہ ملک سب سے آگے ہیں جنہوں نے ٹیکنالوجی کو حکمرانی کا حصہ بنا لیاہے۔ پاکستان میں بھی ڈیجیٹلائزیشن کو حکومتی اصلاحات کا بنیادی جزو بنا دیا گیا۔ آن لائن شکایتی نظام، ای سروسسز، ڈیجیٹل ریکارڈ، الیکٹرونک نگرانی، آن لائن رجسٹریشن، ڈیٹا بیس کا انضمام، یہ سب ایسے اقدامات ہیں جنہوں نے نہ صرف شفافیت بڑھائی بلکہ رشوت، سفارش اور وقت کے ضیاع کو بھی کم کیا۔ اب حکومت اور عوام کے درمیان دیواریں کم ہو رہی ہیں۔یقینا یہ کہنا غلط ہوگا کہ مشکلات ختم ہو گئی ہیں۔ نظام کی مزاحمت، پرانی ذہنیت، محدود وسائل، سیاسی اتار چڑھاؤ، انتظامی دباؤ، قانونی پیچیدگیاں اور عملی نفاذ کی رکاوٹیں اب بھی موجود ہیں۔ کچھ لوگ اب بھی تبدیلی کو پسند نہیں کرتے کیونکہ پرانے نظام میں ان کے مفادات جڑے ہوتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ اب واپسی کا راستہ نہیں۔ اگر پالیسیوں میں تسلسل برقرار رہا، نیت صاف رہی، سیاسی قیادت سنجیدہ رہی، بیوروکریسی نے ذمہ داری نبھائی اور عوام نے بھی اپنے حصے کا کردار ادا کیا تو پھر وہ دن دور نہیں جب ادارہ جاتی اصلاحات صرف ایک خواب نہیں بلکہ حقیقت بن جائیں گی۔آخر میں یہ کہنا ضروری ہے کہ کارکردگی کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کسی حکومت، کسی دور یا کسی فرد کی نہیں بلکہ پورے نظام اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ یہ ایک مسلسل جدوجہد ہے جس میں ہر دن، ہر فیصلے اور ہر قدم کی اہمیت ہوتی ہے۔ قومیں تب بنتی ہیں جب وہ اپنے اداروں کو مضبوط کرتی ہیں، قانون کو بالا دست بناتی ہیں، میرٹ کی حفاظت کرتی ہیں، انصاف کو یقینی بناتی ہیں اور عوامی سہولت کو اپنی ترجیح بناتی ہیں۔ آج پاکستان اسی راستے پر چل پڑا ہے۔