انسانی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ جب بھی کسی تہذیب، مذہب یا قوم کو شعوری طور پر خوف، بدگمانی اور نفرت کا ہدف بنایا گیا، تو اس کے اثرات صرف سماجی رویوں تک محدود نہیں رہے بلکہ سیاست، معیشت، قانون، ابلاغ اور بین الاقوامی تعلقات تک پھیل گئے۔ تاریخ ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ تعصب کبھی اچانک پیدا نہیں ہوتا بلکہ اسے فکری سانچوں، سیاسی مفادات اور معاشرتی بیانیوں کے ذریعے بتدریج پروان چڑھایا جاتا ہے۔ اسلاموفوبیا بھی اسی تاریخی سلسلے کی ایک جدید مگر نہایت خطرناک صورت ہے جس نے اکیسویں صدی میں عالمی ضمیر، انسانی حقوق اور تہذیبی ہم آہنگی کے دعووں کو کڑے امتحان میں ڈال دیا ہے۔اسلاموفوبیا محض ایک لفظ یا وقتی رجحان نہیں بلکہ ایک منظم ذہنی، سماجی اور سیاسی رویہ ہے جس کے ذریعے اسلام اور مسلمانوں کو مشکوک، پسماندہ یا غیر مہذب ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ یہ تعصب کبھی کھلے نفرت انگیز بیانیے کی شکل میں سامنے آتا ہے، کبھی میڈیا کے منتخب فریموں میں، کبھی قانون سازی کے نام پر مذہبی آزادیوں کی تحدید میں اور کبھی روزمرہ معاشرتی زندگی میں ایسے رویوں کی صورت میں جو مسلمانوں کو اپنے ہی معاشروں میں اجنبی بنا دیتے ہیں۔ اسلاموفوبیا کی جڑیں محض جدید دنیا میں نہیں ملتیں بلکہ اس کی فکری بنیادیں صدیوں پر محیط تاریخی تصورات، تہذیبی کشمکشوں اور طاقت کی سیاست میں پیوست ہیں۔یورپی تاریخ میں صلیبی جنگوں کو محض مذہبی تصادم کے طور پر دیکھنا ناکافی ہے۔یہ جنگیں دراصل مذہب، سیاست، زمین، طاقت اور تہذیبی برتری کے احساس کا مرکب تھیں۔ ان جنگوں نے نہ صرف مسلم اور عیسائی دنیا کے درمیان ایک طویل نفسیاتی فاصلے کو جنم دیا بلکہ ایسے بیانیوں کو بھی تقویت دی جن میں دوسراہمیشہ خطرہ، دشمن یا کمتر سمجھا جاتا ہے۔ اس دور کے ادبی، مذہبی اور سیاسی بیانیوں میں مسلمان کو اکثر ایک اجنبی، مخالف اور خطرناک ہستی کے طور پر پیش کیا گیا۔
اسلاموفوبیا نے حقیقی معنوں میں ایک عالمی سیاسی اور سماجی اصطلاح کی صورت زیادہ شدت اکیسویں صدی کے آغاز میں اختیار کی، خصوصا نائن الیون کے بعد۔ 11 ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، مگر اس سانحے کے بعد جو عالمی سیاسی بیانیہ تشکیل دیا گیا، اس نے دہشت گردی اور اسلام کے درمیان ایک خطرناک، غیر منصفانہ اور عمومی ربط پیدا کر دیا۔ دہشت گردی ایک مجرمانہ اور سیاسی مسئلہ تھا مگر اسے رفتہ رفتہ ایک مذہبی شناخت کے ساتھ نتھی کیا جانے لگا۔ مغربی میڈیا، بعض سیاسی قائدین اور شدت پسند فکری حلقوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلمانوں کو ایک مشتبہ اجتماعی وجود کے طور پر پیش کیا۔ چنانچہ ایک فرد یا چند گروہوں کے جرائم کا بوجھ دنیا بھر کے عام مسلمانوں پر ڈال دیا گیا۔ اسلاموفوبیا اب صرف سماجی تعصب نہ رہا، بلکہ ریاستی پالیسیوں، انتخابی مہمات، ٹیلی ویژن مباحثوں، فلموں، اخباری سرخیوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک سرایت کر گیا۔ اس کی سنگینی اس لیے بھی زیادہ ہے کہ یہ اکثر آزادیِ اظہار، قومی سلامتی یا سیکولر اقدار کے خوبصورت نعروں کے اندر چھپ کر سامنے آتا ہے۔ بعض اوقات یہ شائستہ زبان، علمی اصطلاحات یا لبرل بیانیے کے پردے میں سامنے آتا ہے۔ اسلاموفوبیا کا ایک افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ یہ صرف غیر مسلم معاشروں تک محدود نہیں رہا۔ بعض مسلم ممالک میں بھی فرقہ واریت، نسلی امتیازاور مذہب کے نام پر سیاسی استحصال نے اسلام کے اصل پیغام کو نقصان پہنچایا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جھوٹی خبریں، سیاق و سباق سے دورویڈیوز، نفرت انگیز میمز، اشتعال انگیز تقاریر اور سازشی نظریات تیزی سے پھیلتے ہیں۔ اس ماحول میں ایک مقامی واقعہ چند منٹوں میں عالمی نفرت کا ایندھن بن جاتا ہے۔ بہت سے لوگ اسلام کے بارے میں اپنی رائے کسی تحقیقی مطالعے سے نہیں بلکہ وائرل کلپس، سنسنی خیز خبروں اور جانبدار مباحثوں سے قائم کرتے ہیں۔ یہ صورتِ حال نہ صرف مسلمانوں کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ پوری دنیا اور سماجی امن کے لیے خطرہ ہے۔بین الاقوامی سیاست میں بھی اسلاموفوبیا کے اثرات دور رس ہیں۔ جب عالمی طاقتیں مسلم خطوں کے مسائل کو حقیقی تاریخی، اقتصادی اور سیاسی تناظر میں دیکھنے کے بجائے مذہبی تعصبات کے چشمے سے دیکھتی ہیں تو پالیسیوں میں توازن اور انصاف ختم ہو جاتا ہے۔ اسلاموفوبیا کا مقابلہ صرف احتجاجی نعروں سے نہیں ہو سکتا۔ اس کے لیے سب سے پہلے علمی اور فکری سطح پر مثر کام درکار ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اسلام کے اصل پیغام، اس کی تہذیبی وسعت، علمی روایت، اخلاقی تعلیمات اور انسانی خدمت کے پہلوں کو جدید زبان میں دنیا کے سامنے پیش کریں۔ یہ کام محض جذباتی دفاع سے نہیں ہوگا بلکہ معیاری تحقیق، مثر ابلاغ، علمی اداروں، فکری مکالمے اور بین المذاہب روابط کے ذریعے ممکن ہوگا۔ جہاں تعصب دلیل کا لبادہ اوڑھ کر آئے، وہاں جواب بھی علم، وقار اور حکمت سے دینا ہوگا۔ اگر دنیا کے سامنے اسلام کی نمائندگی صرف ردعمل، غصے یا احتجاجی لہجے میں ہوگی تو مخالف بیانیے مزید مضبوط ہوں گے، لیکن اگر یہی نمائندگی دانش، اخلاق، خدمت اور اعتماد کے ساتھ ہوگی تو بہت سی غلط فہمیاں دور ہو سکتی ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ مسلم دنیا کو عالمی سطح پر مثر ابلاغی حکمتِ عملی بھی اختیار کرنا ہوگی۔ بین الاقوامی میڈیا، فلم، اکیڈمیا، تھنک ٹینکس، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سفارتی فورمز پر مسلمانوں کی باوقار، باصلاحیت اور فکری نمائندگی ضروری ہے۔ صرف شکایت کافی نہیں بلکہ بیانیہ بھی تشکیل دینا پڑتا ہے۔ اگر ہمارے بارے میں کہانیاں دوسرے لوگ لکھیں گے تو ان میں ہمارے تجربات، ہماری اخلاقیات اور ہماری تہذیبی سچائیاں مسخ بھی ہو سکتی ہیں۔ یہ امر بھی نہایت اہم ہے کہ اسلاموفوبیا کے خلاف جدوجہد صرف مسلمانوں کی ذمہ داری نہیں ہونی چاہیے بلکہ دنیا بھر کے انصاف پسند انسانوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، دانش وروں، مذہبی رہنماں، اساتذہ، صحافیوں اور قانون ساز اداروں کو بھی اس تعصب کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ جیسے نسل پرستی، یہود دشمنی، ہندوفوبیا یا کسی بھی مذہبی و نسلی نفرت کی مذمت ضروری ہے ویسے ہی اسلاموفوبیا کو بھی اصولی اور واضح انداز میں مسترد کیا جانا چاہیے۔