Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

متحدہ عرب امارات اتحاد، قیادت اور انسانیت کا روشن نمونہ

متحدہ عرب امارات جدید دنیا کی ان منفرد ریاستوں میں سے ایک ہے جس نے بہت کم وقت میں ترقی، استحکام اور انسان دوستی کی ایسی مثال قائم کی ہے جو پوری دنیا کے لئے قابلِ تقلید بن چکی ہے۔ یہ سرزمین کبھی سادہ قبائلی زندگی، محدود وسائل اور صحرائی حالات کی علامت تھی، مگر آج یہی زمین عالمی نقشے پر ایک روشن ستارے کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس تبدیلی کے پیچھے صرف مادی وسائل نہیں بلکہ بصیرت افروز قیادت، اتحاد کی روح اور انسانیت سے محبت کا وہ جذبہ ہے جس نے اس ملک کو ایک منفرد مقام عطا کیا۔1971ء میں جب سات عرب قبائل نے جو خلیج عرب میں اپنے اپنے علاقوں میں آباد تھے انہوں نے اتحاد کی بنیاد رکھی تو یہ صرف ایک سیاسی فیصلہ نہیں تھا بلکہ ایک روحانی اور اجتماعی عزم تھا کہ بکھری ہوئی قوتوں کو یکجا کر کے ایک مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ معاشرہ قائم کیا جائے۔ اس اتحاد کی قیادت شیخ زاید بن سلطان آل نہیان جیسے عظیم رہنما کے ہاتھ میں تھی، جنہوں نے نہ صرف ایک ریاست کی بنیاد رکھی بلکہ ایک ایسی سوچ کو جنم دیا جس کی جڑیں سخاوت، عدل، رواداری اور انسان دوستی میں پیوست تھیں۔ ان کی شخصیت کا سب سے نمایاں پہلو ان کی فیاضی اور وسیع القلبی تھی۔ انہوں نے صرف اپنے ملک کے عوام کو ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے ضرورت مندوں کی مدد کی اور یوں امارات کو ایک ایسی پہچان دی جو خیر، خدمت اور محبت سے عبارت ہے۔
شیخ زاید کی قیادت میں امارات نے ترقی کا وہ سفر شروع کیا جس میں انسان کو مرکزیت حاصل رہی۔ تعلیم، صحت، رہائش اور بنیادی سہولیات کو اولین ترجیح دی گئی۔ اس وژن کا نتیجہ یہ نکلا کہ چند دہائیوں میں ایک ایسا معاشرہ وجود میں آیا جہاں معیارِ زندگی بلند ہوا اور لوگوں کو عزت، وقار اور مواقع میسر آئے۔ یہ ترقی صرف عمارتوں اور انفراسٹرکچر تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے ایک ہم آہنگ، پرامن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کیا۔آج یہ ملک اسی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے نئے افق کو چھو رہا ہے۔ موجودہ قیادت، خصوصاً شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی رہنمائی میں امارات نے استحکام، حکمت اور دور اندیشی کا ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ ان کی قیادت میں ملک نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک بااثر اور ذمہ دار کردار ادا کر رہا ہے۔ انہیں بجا طور پر امارات کا دانشور راہنما کہا جاسکتا ہے جن کی قیادت پورے ملک کو توانائی، تحفظ اور سمت فراہم کرتی ہے۔دوسری جانب دبئی، جو شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی قیادت میں ترقی کی ایک منفرد مثال بن چکا ہے، دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، سیاحوں اور خواب دیکھنے والوں کے لیے ایک مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ دبئی کو اگر امارات کا چاند کہا جائے تو یہ بے جا نہ ہوگا، کیونکہ اس کی چمک نے عالمی معیشت، تجارت اور جدید طرزِ زندگی میں ایک نئی روشنی پیدا کی ہے۔ یہاں خواب حقیقت بنتے ہیں اور محنت کو مواقع میسر آتے ہیں۔اسی طرح شارجہ، شیخ سلطان بن محمد القاسمی کی قیادت میں علم، ثقافت اور تحقیق کا مرکز بن کر ابھرا ہے۔ یہ ریاست اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ ترقی صرف معاشی میدان میں نہیں بلکہ فکری اور علمی میدان میں بھی ضروری ہے۔ شارجہ نے تعلیم، ادب اور فنون کے فروغ کے ذریعے ایک متوازن اور باوقار معاشرے کی بنیاد کو مضبوط کیا ہے۔دیگر امارات بھی اپنی اپنی جگہ اس اتحاد کے درخشاں ستارے ہیں، جو مل کر ایک ایسے نظام کی تشکیل کرتے ہیں جس میں ہر ریاست اپنی شناخت کے ساتھ ایک بڑی قومی وحدت کا حصہ ہے۔ یہی اتحاد امارات کی اصل طاقت ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی خوبی اس کی وہ سماجی ہم آہنگی ہے جس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے لوگ ایک ساتھ امن اور احترام کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں۔ یہاں رنگ، نسل، زبان یا مذہب کی بنیاد پر تفریق یا تعصب نہیں بلکہ انسان کو انسان ہونے کے ناطے عزت دی جاتی ہے۔ یہ ملک حقیقتاً بنی آدم کے لئے ایک عملی نمونہ بن چکا ہے، جہاں مختلف ثقافتیں ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر رہتی ہیں۔یہاں کا نظام عدل، مساوات اور قانون کی حکمرانی پر قائم ہے، جو ہر فرد کو تحفظ اور مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے لوگ امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ یہاں کی فضا میں امن، استحکام اور امید کی ایک ایسی خوشبو ہے جو ہر آنے والے کو متاثر کرتی ہے۔اگر گہرائی سے دیکھا جائے تو امارات کی کامیابی صرف مادی ترقی کی کہانی نہیں بلکہ ایک ایسے نظریے کی کامیابی ہے جس میں انسانیت، اتحاد اور مثبت قیادت کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ یہ ملک ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ جب قیادت مخلص ہو، نیت صاف ہو اور مقصد انسانیت کی خدمت ہو تو صحراں سے بھی روشنی کے شہر آباد کیے جا سکتے ہیں۔آج متحدہ عرب امارات نہ صرف ایک ترقی یافتہ ریاست ہے بلکہ ایک پیغام بھی ہے ایک ایسا پیغام جو دنیا کو یہ بتاتا ہے کہ امن، محبت، رواداری اور انصاف کے اصولوں پر مبنی معاشرہ نہ صرف ممکن ہے بلکہ کامیاب بھی ہو سکتا ہے۔اللہ تعالی اس سرزمین کو ہمیشہ امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے اور اسے انسانیت کے لیے روشنی اور امید کا مینار بنائے رکھے۔

یہ بھی پڑھیں