Search
Close this search box.
اتوار ,28 جون ,2026ء

پیپلز پارٹی کی پہلی انتخابی فہرست جاری، 12 نشستوں پر فیصلہ مؤخر، چوہدری یاسین دو حلقوں سے امیدوار

اسلام آباد (رضوان عباسی)پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے لیے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی نے 45 میں سے 33 حلقوں میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ 12 نشستوں پر امیدواروں کے نام تاحال مؤخر رکھے گئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق باقی امیدواروں کے نام مشاورت مکمل ہونے کے بعد آج جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

پہلی فہرست کی سب سے نمایاں بات یہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین کو بیک وقت ایل اے-10 کوٹلی اور ایل اے-12 چرہوئی سے پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے، جسے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق سب سے دلچسپ صورتحال ایل اے-15 وسطی باغ، ایل اے-22 بنگوئی (راولاکوٹ) اور ایل اے-7 کھوئی رٹہ میں سامنے آئی ہے، جہاں تاحال امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وسطی باغ میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور موجودہ وزیر حکومت سردار ضیا القمر کے درمیان پارٹی ٹکٹ کے لیے سخت مقابلہ جاری ہے، جس کے باعث قیادت ابھی کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچ سکی۔

اسی طرح بنگوئی کے حلقے میں بھی سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور نوجوان جیالے، مشیر حکومت احمد صغیر کے درمیان پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیے سخت مقابلہ جاری ہے، جبکہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔

ایل اے-7 کھوئی رٹہ میں بھی صورتحال دلچسپ بنی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر حکومت رفیق نیئر اور نوجوان رہنما ولید انقلابی کے نام زیر غور ہیں۔ پارٹی کے بعض حلقے رفیق نیئر کی سیاسی حکمت عملی پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ نوجوان قیادت ولید انقلابی کے حق میں متحرک دکھائی دے رہی ہے۔

ولید انقلابی، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مرحوم مطلوب انقلابی کے صاحبزادے ہیں، جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں اور پارٹی کے سرگرم کارکنوں میں شمار ہوتے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان ہونے والی انتخابی مفاہمت کے تحت دھیرکوٹ اور سدھنوتی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار میدان میں نہ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اتحادی فارمولے پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

اسی انتخابی اتحاد کے اگلے مرحلے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آج شام پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر دونوں جماعتیں انتخابی اتحاد کی حکمت عملی سے آگاہ کریں گی، جبکہ مولانا فضل الرحمان جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدواروں کے ناموں کا بھی باضابطہ اعلان کریں گے۔

پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ مہاجرین کی ایک اہم نشست پر حال ہی میں پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے عبدالسلام بٹ کو پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا، جبکہ بھمبر کے حلقہ سماہنی سے حال ہی میں پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے وزیر حکومت علی شان سونی نے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست ہی جمع نہیں کرائی۔ سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو بھی غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ علی شان سونی کو پیپلز پارٹی کے ایک اہم دھڑے کا مؤثر رہنما تصور کیا جاتا تھا۔

پیپلز پارٹی نے اپنی پہلی فہرست میں میرپور، بھمبر، کوٹلی، شرقی باغ، حویلی، پونچھ، مظفرآباد، نیلم، جموں اور مہاجرین کے متعدد حلقوں میں امیدواروں کو حتمی شکل دے دی ہے، جبکہ باقی نشستوں پر فیصلے آئندہ چند گھنٹوں میں متوقع ہیں۔

امیدواروں کی پہلی فہرست نے آزاد کشمیر کی انتخابی سیاست میں نئی صف بندیوں کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ زیرِ التواء نشستوں پر ہونے والے فیصلے آئندہ انتخابی منظرنامے پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے پارلیمانی بورڈ نے 31 حلقوں کے امیدوار فائنل کرلئے

یہ بھی پڑھیں