کوئٹہ(نیوز ڈیسک)خضدار میں قومی شاہراہ پر زیرو پوائنٹ کے قریب اسکول بس پر دھماکے کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔
بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے کر جانے والی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق، جب کہ 38 زخمی ہوگئے۔
نجی چینل کے مطابق خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اسکول کی بس تباہ ہوگئی، جب کہ بس میں سوار 4 بچے جاں بحق اور 38 زخمی ہوگئے، ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق بس پر خودکش حملہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) خضدار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول بس میں دھماکا خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا، اسکول بس میں سوار 4 بچے جاں بحق ہوئے، 38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے، اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، کالعدم تنظیموں کے دہشتگرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں تیزی لانے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کی متعدد وارداتیں ناکام بنائی ہیں۔
دھماکا دشمن کی عدم استحکام کی سازش ہے، محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدار میں زیرو پوائنٹ پر اسکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکا دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنےکی گھناؤنی سازش ہے۔
محسن نقوی نے 4 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والے بچوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا، اور کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔
بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ


