Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

رحیم یار خان میں خسرے کی وبا ءپھوٹ پڑی ،9اموات ،50بچے متاثر

رحیم یارخان (Rahim Yar Khan )کے نواحی علاقے میں خسرے کی خطرناک وباء پھوٹ پڑی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 بچوں کی اموات ہو چکی ہیں جبکہ درجنوں بچے متاثر ہوئے ہیں، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موضع مراد پور سانگھی کی بستی حکیم محمد عبداللہ اعوان میں گزشتہ کئی روز سےخسرہ( Measles) تیزی سے پھیل رہا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ وباء کے باعث جاں بحق ہونے والوں میں دو حقیقی بھائی بھی شامل ہیں، جن میں 3 سالہ ندیم زاہد اور 5 ماہ کا فہیم زاہد شامل ہیں، جبکہ دیگر متاثرہ اور جاں بحق بچوں میں کمسن بچیاں بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اسی بستی کے 50 سے زائد بچے خسرے سے متاثر ہیں۔

حیران کن طور پر محکمہ صحت کے ذمہ داران ابتدا میں اس سنگین صورتحال سے لاعلم نکلے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نوٹس لینے اور رپورٹ طلب کیے جانے پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر بابر کی ابتدائی رپورٹ میں کسی بھی علاقے میں خسرے کی وباء کی تصدیق سے انکار کیا گیا اور مؤقف اختیار کیا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ایسا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کی رومانوی تصاویر وائرل، شادی کی خبروں نے زور پکڑ لیا
تاہم علاقہ مکینوں نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ بستی میں خسرہ تیزی سے پھیل رہا ہے اور متعدد بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ شہریوں نے محکمہ صحت کی مبینہ غفلت کو اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

میڈیا کی نشاندہی کے بعد محکمہ صحت کی ٹیمیں بالآخر متاثرہ علاقے میں پہنچ گئیں، جہاں گھر گھر سروے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ مزید کیسز کی نشاندہی اور فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم علاقے میں بڑھتی ہوئی وباء کے باعث والدین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں