Search
Close this search box.
جمعه ,19 جون ,2026ء

نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس اور مستشرقین

نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس ہر پہلو سے کامل، جامع اور بے مثال ہے۔ آپ ﷺ کی زندگی پوری انسانیت کے لئے ایک کامل نمونہ اور راہِ ہدایت ہے۔ دنیا کی تمام الہامی کتابوں میں، حتیٰ کہ ہندو مت کی مذہبی کتابوں میں بھی، آپ ﷺ کی آمد کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان میں نہ صرف آپ ﷺ کی بعثت کی خبر دی گئی بلکہ آپ کے مشن اور کردار کی وضاحت بھی موجود ہے۔ تمام انسانوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ جب وہ آپ ﷺ کے زمانے کو پائیں تو آپ ﷺ کی تعلیمات کی پیروی اختیار کریں، کیونکہ نجات اور کامیابی کا حقیقی راستہ آپ ﷺ کی اتباع میں مضمر ہے۔ بدقسمتی سے ہر دور میں کفار نے آپ ﷺ کی ذاتِ اقدس پر طرح طرح کے الزامات عائد کئے اور آپ ﷺ کو طعن و تشنیع کا نشانہ بنایا۔ ان میں مستشرقین نمایاں ہیں، جو اسلام اور نبی اکرم ﷺ کے خلاف اپنی زہرآلود تحریروں کے ذریعے مسلمانوں کو شک و شبہ میں مبتلا کرنے اور اسلام سے بدظن کرنے کی ناپاک جسارت کرتے رہے ہیں۔یقینی طور پر یہ حقیقت کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے کہ مستشرقین نے سیرتِ طیبہ اور اسلام کا مطالعہ خالص معروضی بنیادوں پر نہیں کیا۔ انہوں نے عموما اپنے مخصوص نظریات اور مقاصد کے تحت اسلام کی تصویر کو مسخ کر کے پیش کیا تاکہ اسے ایک عام اور غیر موثر مذہب کے طور پر دکھایا جا سکے۔ ان کی تحریروں میں یہ رجحان نمایاں ہے کہ اسلام کو انسانی ترقی، علم اور تمدن کی راہ میں رکاوٹ کے طور پر پیش کیا جائے۔مستشرقین کی ان کوششوں کا بنیادی مقصد یہ رہا ہے کہ مسلمانوں کے دلوں میں اپنے دین کے بارے میں شک اور تذبذب پیدا ہو، وہ اپنی دینی و تہذیبی اقدار کو کمتر سمجھنے لگیں، اور مغربی طرزِ فکر و تہذیب کو برتر ماننے پر مجبور ہوں۔ وہ یہ باور کرانے کی کوشش کرتے رہے ہیں کہ جب تک مسلمان اپنی روایتی مذہبی وابستگی کو ترک نہیں کرتے، وہ ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہو سکتے۔ذیل میں ہم مستشرقین کے انہی مقاصد، ان کی فکری حکمتِ عملی اور ان کے اثرات کا تنقیدی مطالعہ کریں گے تاکہ واضح ہو سکے کہ ان کے بیانیے نے اسلام اور مسلمانوں کی فکری خودمختاری پر کیا اثرات ڈالے۔
مستشرقین وہ مغربی مفکر، محقق اور اہلِ علم ہیں جنہوں نے مشرق، خصوصاً اسلام اور مسلمانوں کے علوم، ثقافت، تاریخ، فقہ، حدیث، قرآن اور زبانوں پر تحقیق کا دعویٰ کیا۔ لفظ ’’استشراق‘‘دراصل شرق سے ماخوذ ہے، جس کے معنی ہیں مشرق سے متعلق علوم کا مطالعہ کرنا۔ابتدائی طور پر مستشرقین کا مقصد علمی تحقیق اور ثقافتی مطالعہ قرار دیا گیا، لیکن حقیقت میں ان کی اکثریت نے اسلام کو مسخ کرنے، اس کی حقانیت پر شکوک پیدا کرنے اور مسلمانوں کے علمی و تہذیبی وقار کو مجروح کرنے کا منصوبہ بنایا۔ صلیبی جنگوں کے بعد مغرب نے تلوار سے نہیں بلکہ قلم اور علم کے میدان میں اسلام پر حملہ کیا، تاکہ مسلمانوں کے فکری نظام کو کمزور کیا جا سکے۔استشراق کے نمایاں مراکز میں برطانیہ کی آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹیاں، فرانس کی سوربون یونیورسٹی، جرمنی کی برلن یونیورسٹی اور امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی خاص اہمیت رکھتی ہیں۔ انہی علمی اداروں میں مستشرقین نے اسلام اور اسلامی علوم پر تحقیقی کام کے نام پر ایسے نظریات کو فروغ دیا جن کا مقصد اسلام کی حقیقی روح کو مسخ کر کے اسے مغربی فکری و تہذیبی سانچے میں ڈھالنا تھا۔ ان مراکز نے بظاہر علم و تحقیق کے پردے میں دراصل اسلام کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرنے اور مغربی استعمار کے فکری مقاصد کو تقویت دینے کا کردار ادا کیا۔اگرچہ مستشرقین کا مقصد عموماً اسلام پر تنقید اور اس کی منفی تصویر پیش کرنا تھا، تاہم ان کی تحقیقات کا ایک مثبت اثر یہ ہوا کہ مسلمانوں میں علمی بیداری پیدا ہوئی۔ ان کے اعتراضات کے جواب میں مسلمان اہلِ علم نے اپنی علمی میراث کی ازسرِنو تحقیق کی، اسلامی جامعات میں جدید تحقیق کا رجحان بڑھا اور اسلام کے نظریاتی و علمی دفاع کے نئے زاوئیے سامنے آئے۔بالآخر یہ حقیقت ناقابلِ انکار ہے کہ اسلام کی حقانیت ہر زمان و مکان سے ماورا ہے۔
مستشرقین کی تمام کوششوں کے باوجود اسلام آج بھی عقل، عدل، علم اور امن کا عالمی پیغام ہے، جو اس کے الہامی اور ابدی سچ ہونے کا روشن ثبوت ہے۔اسلام کی تعلیمات اپنی جامعیت اور آفاقیت کے باعث ہر دور کے انسان کے لئے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔ نبی اکرم ﷺ نے انسانیت کو جس عدل، مساوات، رواداری اور علم دوستی کا پیغام دیا، وہ آج بھی دنیا کے ہر معاشرے کے لئے روشنی کا مینار ہے۔ مستشرقین نے اگرچہ ان اصولوں کو غلط طور پر پیش کرنے کی کوشش کی، مگر اسلام کے عملی نظامِ زندگی نے ان کے تمام اعتراضات کو باطل ثابت کر دیا۔ قرآن و سنت کی تعلیمات نے واضح کر دیا کہ اسلام نہ صرف روحانی نجات کا دین ہے بلکہ دنیاوی فلاح اور انسانی ترقی کا ضامن بھی ہے۔مسلمان اہلِ علم نے مستشرقین کے اعتراضات کے جواب میں علمی، تحقیقی اور استدلالی انداز اپنایا۔ علامہ شبلی نعمانی، سید سلیمان ندوی، ڈاکٹر حمیداللہ اور علامہ اقبالؒ جیسے مفکرین نے اسلام کی علمی و فکری بنیادوں کو ازسرِنو اجاگر کیا۔ ان کی تحریروں نے ثابت کیا کہ اسلام کی تعلیمات جدید انسانی فکر سے ہم آہنگ ہیں اور اس میں ہر دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ مستشرقین کے پروپیگنڈے کے باوجود آج مغربی دنیا میں بھی اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ہزاروں لوگ قرآن کے مطالعے اور نبی کریم ﷺ کی سیرت سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر رہے ہیں۔ یہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ اسلام ایک زندہ، متحرک اور سچائی پر مبنی دین ہے جسے کسی تعصب یا غلط بیانی سے مٹایا نہیں جا سکتا۔اسلام کی سچائی وقت کے ساتھ مزید روشن ہو رہی ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان علم، تحقیق، اخلاق اور دعوت کے میدان میں اپنی قوتِ فکری کو ازسرِنو زندہ کریں تاکہ دنیا کے سامنے اسلام کی اصل اور روشن تصویر پیش کی جا سکے وہ تصویر جو عدل، امن اور انسانیت کے احترام پر قائم ہے۔

یہ بھی پڑھیں