Search
Close this search box.
پیر ,15 جون ,2026ء

اتر پردیش: طالبات سے مساج کروانے والی اسکول ہیڈ مسٹریس معطل

نئی دہلی (نیوز ڈیسک)بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع چترکوٹ میں ایک سرکاری پرائمری اسکول کی ہیڈ مسٹریس کو طالبات سے مساج کروانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معطل کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ مسٹریس مدھو کماری رائے 28 فروری کی صبح کلاس روم میں آئیں اور مبینہ طور پر دورانِ تدریس فرش پر لیٹ گئیں، جس کے بعد انہوں نے طالبات سے مساج کرنے کو کہا۔


وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسکول یونیفارم میں ملبوس طالبات ان کی کمر اور اطراف میں مساج کر رہی ہیں۔ کچھ طالبات میزوں پر بیٹھی ہوئی تھیں اور پاؤں سے ان کی کمر دبا رہی تھیں، جبکہ ایک اور منظر میں طالبات ہاتھوں سے مساج کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ایک طالبہ نے ابتدا میں کہاکہ اسے مساج کرنا نہیں آتا، جس پر ہیڈ مسٹریس نے مبینہ طور پر اسے اپنی کمر پر چڑھ کر دبانے کو کہا۔ بعد ازاں وہ الٹا لیٹ گئیں اور طالبہ نے پاؤں سے ان کی کمر دبائی۔

رپورٹس کے مطابق اسکول کے عملے کے ایک رکن نے یہ ویڈیو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جس کے بعد یہ تیزی سے وائرل ہو گئی۔

معاملہ سامنے آنے پر حکام نے نوٹس لیتے ہوئے ہیڈ مسٹریس کو معطل کردیا، اور مزید تحقیقات کے احکامات جاری کردیے۔

دوسری جانب ہیڈ مسٹریس مدھو کماری رائے نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا موٹر سائیکل سواروں کیلئے دو ہزار دو سو روپے پیٹرول سبسڈی کا اعلان

یہ بھی پڑھیں