Search
Close this search box.
هفته ,20 جون ,2026ء

اسلامی نظامِ معیشت کی نمایاں خصوصیات

(گزشتہ سے پیوستہ)
آج کی دنیا کے معاشی فلسفہ کے ساتھ ہمارا ایک بنیادی تنازعہ یہ بھی ہے کہ ’’فری اکانومی‘‘ کے عنوان سے یہ بنیادی اصول طے کر لیا گیا ہے کہ حلال و حرام اور جائز و ناجائز ہونے کا فیصلہ کرنا سوسائٹی کا کام ہے اور مارکیٹ کی رسد اور طلب ہی جائز و ناجائز ہونے کا معیار ہے۔ مگر اسلام اس بات کو تسلیم نہیں کرتا اور اسلام کا اصول یہ ہے کہ حلال و حرام کے دائرے متعین کرنا اللہ تعالیٰ کا کام ہے، اور وہ وحی الٰہی کے ذریعے طے شدہ ہیں۔ کیونکہ اس نے انسانوں اور اشیا دونوں کو پیدا کیا ہے اور اسی کو معلوم ہے کہ کون سی چیز انسان کے لیے فائدہ مند ہے یا نقصان دہ ہے، اس لیے حلال و حرام اور جائز و ناجائز کے فیصلے بھی اسی کے نافذ ہوں گے۔ انسانوں کو اپنے لیے حلال و حرام کے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ہے اور انہیں معیشت کے ہر باب میں وحی الٰہی کے مطابق اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بیان کردہ حلال و حرام کے دائرے میں پابند رہنا ہو گا۔
اس طرح یہ فرمایا گیا ہے کہ جو مال و دولت تمہارے پاس ہے اس میں دوسروں کے بھی حقوق ہیں، یہ سارے کا سارا مال صرف تمہارا نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ’’وفی اموالھم حق للسآئل والمحروم‘‘ (الذاریات ۱۹) ان کے مالوں میں سائل اور محروم دونوں کا حق ہے۔ اس کی تشریح مفسرین کرامؒ یہ کرتے ہیں کہ سائل اسے کہتے ہیں جو ضرورتمند ہے اور اپنی ضرورت کا اظہار بھی کرتا ہے، جبکہ محروم وہ ضرورتمند ہے جو اپنی ضرورت کو ظاہر بھی نہیں کرتا اور سفید پوشی کا بھرم قائم رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔ دولتمند کے مال میں ان دونوں کا حق ہے۔ جو ضرورتمند اپنی ضرورت کا اظہار کرتا ہے اس کا حق تو سمجھ میں آتا ہے لیکن جو سفید پوش ضرورتمند اپنی ضرورت کا اظہار تک نہیں کرتا اس کا حق بھی دولت والے نے ادا کرنا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دولت مند شخص کی یہ ذمہ داری بھی ہے کہ وہ سوسائٹی میں سفید پوش ضرورتمندوں کو تلاش کر کے ان تک ان کا حق پہنچائے۔
پھر قرآن کریم نے اسے ’’حقوق‘‘ میں شمار کیا ہے کہ کوئی دولتمند شخص سوسائٹی کے مستحقین پر اپنا مال خرچ کر کے ان پر احسان نہیں کر رہا ہے بلکہ ان کو ان کا اپنا حق دے رہا ہے، حتٰی کہ قرآن کریم نے کسی ضرورتمند اور مستحق پر مال خرچ کرنے کے بعد اس پر احسان جتلانے کو نیکی برباد ہو جانے کا باعث قرار دیا ہے۔
اسی طرح قرآن کریم نے سوسائٹی میں دولت کی گردش کا اصول اور فلسفہ بیان کیا ہے کہ ’’کئی لا یکون دولۃ بین الاغنیاء منکم‘‘ (الحشر ۷) دولت کی گردش کی صرف مالداروں میں محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ سوسائٹی کے نیچے کے طبقوں اور غریب افراد تک بھی دولت کی گردش کو آنا چاہیے۔ زکوٰۃ کا اصول یہی ہے اور وراثت کی تقسیم کی حکمت بھی یہی ہے۔ زکوٰۃ دولت کی گردش کو اوپر سے نیچے لاتی ہے اور وراثت کے نظام قائم ہو تو بڑی سے بڑی دولت بھی تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزر کر تیسری چوتھی پشت میں عام آدمی کے دائرہ اختیار میں آجاتی ہے۔
اسلام کا اصول دولت کو جمع کرنا نہیں بلکہ اسے تقسیم کر کے اس کی گردش کو سوسائٹی کے تمام طبقات تک وسیع کرنا ہے، اور زکوٰۃ اور وراثت کا نظام سوسائٹی میں یہی کام کرتا ہے۔ حضرت امام غزالیؒ نے سوسائٹی میں دولت کی گردش کو انسانی جسم میں خون کی گردش کی مانند قرار دیا ہے، انسان کے جسم میں خون گردش کرتا ہے تو جسمانی صحت قائم رہتی ہے، اگر کسی عضو کو اس کی ضرورت کا خون نہ ملے تو فالج پیدا ہوتا ہے، اور اگر کسی عضو میں خون پہنچ کر رک جائے یا ضرورت سے زیادہ خون پہنچ جائے تو خون فاسد ہو جاتا ہے، پھوڑے پھنسی وغیرہ پیدا ہوتے ہیں، خون پیپ کی شکل اختیار کر لیتا ہے اور خرابی پیدا ہوتی ہے۔ اسی طرح سوسائٹی کے کسی طبقے تک دولت کی گردش نہ پہنچے تو فقر و محتاجی پیدا ہوتی ہے، محرومی جنم لیتی ہے، زندگی میں تعطل آجاتا ہے، جبکہ کسی طبقہ میں دولت حد سے زیادہ آجائے یا دولت وہاں آ کر رک جائے اور اس میں گردش نہ رہے تو تعیش اور آرام طلبی پیدا ہوتی ہے جسے قرآن کریم نے ’’مترفین‘‘ سے تعبیر کیا ہے اور اس سے سوسائٹی کا نظام بگڑ کر رہ جاتا ہے۔ سود کے نظام اور زکوٰۃ کے نظام میں یہی فرق ہے کہ زکوٰۃ دولت کو اوپر سے نیچے لاتی ہے، اور سود دولت کو نیچے سے اوپر لے جاتا ہے اور پھر دولت اوپر کے طبقات میں گردش کرنے لگتی ہے جسے ’’دولۃ بین الاغنیاء منکم‘‘ کے عنوان سے بیان فرمایا ہے، اور سود کی شدید درجہ کی حرمت کی ایک حکمت یہ بھی بیان کی جاتی ہے۔
اسی طرح قرآن کریم نے معیشت کے ایک اور اہم مسئلہ کی بھی وضاحت فرمائی ہے کہ جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے لوگوں نے پوچھا ’’ماذا ینفقون؟‘‘ وہ اپنے مال میں سے کتنا حصہ خرچ کریں۔ اس سوال کے جواب میں قرآن کریم نے ایک آیت میں تو اس طرف توجہ دلائی ہے کہ ’’کیا خرچ کریں‘‘ کے ساتھ ساتھ ’’کہاں خرچ کریں‘‘ کا سوال بھی ضروری ہے۔ اور اس سوال کے جواب میں خرچ کے مصارف کا ذکر کیا ہے کہ ’’ما انفقتم من خیر فللوالدین والاقربین والیتامٰی والمساکین وابن السبیل‘‘ (البقرہ ۲۱۵) جو بھی خرچ کرو اس کے اولین مستحق ماں باپ، قریبی رشتہ دار، یتامٰی، مساکین اور مسافر ہیں۔ اور دوسری آیت میں فرمایا کہ ’’العفو‘‘ ضرورت سے زائد مال خرچ کر دو۔ اس آیت میں اپنی روزمرہ ضروریات سے زائد مال و دولت کو جمع کرنے اور ذخیرہ کرنے کی بجائے اسے سوسائٹی کے ضرورتمند افراد پر خرچ کر دینے کی تلقین کی گئی ہے۔ اسے حضرت ابو ذرغفاریؓ فرضیت اور وجوب کے درجہ میں بیان کرتے ہیں اور ضرورت سے زائد مال ذخیرہ کرنے کو حرام کہتے ہیں، مگر حضرت عبد اللہ بن عمرؓ اور جمہور صحابہ کرامؓ اس حکم کو استحباب پر محمول کرتے ہیں کہ زکوٰۃ و عشر اور دیگر صدقات واجبہ کی ادائیگی کے بعد زائد از ضرورت مال کو جمع رکھنا جائز اور مباح تو ہے مگر بہتر یہی ہے کہ زائد از ضرورت مال کو خرچ کر دیا جائے۔
اسی طرح جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بیان کردہ معاشی اصولوں میں سے ایک اہم اصول کی طرف توجہ دلانا چاہوں گا، بخاری شریف کی روایت کے مطابق آنحضرتؐ نے ایک موقع پر فرمایا کہ جو شخص مال و دولت چھوڑ کر فوت ہوا اس کا مال اس کے وارثوں کو ملے گا، لیکن ’’من ترک کلّا او ضِیاعًا فالیَّ وعلیَّ‘‘ جو شخص قرض کا بوجھ اور بے سہارا خاندان اولاد چھوڑ کر مرا وہ میری طرف سے اور مجھ پر ہے، یعنی اس کی کفالت کی ذمہ داری مجھ پر ہے اور بیت المال اس کا ذمہ دار ہے۔ اسلامی ریاست میں بیت المال کے ادارے اور اس کی ذمہ داری کی بنیاد جناب رسول اکرمؐ کے اسی جملے ’’فالی وعلی‘‘ پر ہے اور اسی کی ایک صورت کو امیر المؤمنین حضرت عمرؓ نے ان الفاظ میں بیان فرمایا تھا کہ اگر دریائے فرات کے کنارے کوئی کتا بھوک سے مر جائے تو اس کی ذمہ داری عمرؓ پر ہو گی، یعنی حکومت وقت پر ہو گی۔
آج کل انشورنس اور بیمہ کے بارے میں بحث عام ہے، میں اس کی فقہی بحث میں نہیں پڑوں گا کہ یہ مفتیان کرامؒ کا حق ہے لیکن اس کی اصولی حیثیت کے بارے میں عرض کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ ایک صاحب نے مجھ سے سوال کیا کہ اسلامی نظام میں انشورنس اور بیمے کی کیا حیثیت ہے؟ میں نے عرض کیا کہ ایک اسلامی ریاست اور اسلامی سوسائٹی میں پرائیویٹ انشورنس اور بیمے کے سرے سے کوئی ضرورت ہی نہیں ہے، اس لیے کہ جب بیت المال معاشرے کے ہر ضرورتمند، معذور، بے سہارا اور مصیبت زدہ شخص کی ضروریات کا ذمہ دار اور کفیل ہے تو پھر کسی بے سہارا اور ضرورتمند کو الگ سے انشورنس فراہم کرنے کی کوئی ضرورت ہی باقی نہیں رہتی اور یہی اسلامی نظام معیشت کی سب سے نمایاں خوبی ہے۔

یہ بھی پڑھیں